ایک ویژنری سول سرونٹ

ایک ویژنری سول سرونٹ

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید گلزار حسین شاہ بلاشبہ ایک با صلاحیت اور ویژنری سول سرونٹ ہیں جو عوامی خدمت سے سر شار عوامی مسائل پر نہ صرف گہری نظر رکھتے ہیں بلکہ ان کے فوری حل کے لئے بھی ہمہ وقت پرعزم اور تیار رہتے ہیں اس لحاظ سے انہیں اگر سرکاری کے ساتھ ساتھ عوامی کمشنر بھی کیا جائے تو بے جا نہ ہوگا جب سے انہوں نے کمشنر گوجرانوالہ کا چارج سنبھالا اور اپنے انقلابی ویژن کے ذریعے انتظامی و عوامی سطح پر ترجیح بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے بہت بہتری آ رہی ہے گذشتہ دنوں ان کے آفس میں کالمسٹ فورم گوجرانوالہ کی وساطت سے ان سے ایک ملاقات ہوئی اور ان کے خیالات جاننے کا موقع ملا۔ کمشنر گوجرانوالہ نے کہا کہ کالم نگاروں کا شمار ہمارے معاشرہ کے باشعور اور روشن دماغ طبقہ میں ہوتا ہے جو اپنے قلم اور علم کے ذریعے نہ صرف معاشرے کی راہنمائی فرماتے ہیں بلکہ حقیقی عوامی مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے حل کے لئے تجاویز بھی دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ کالم نگار اور صحافی معاشرہ میں شعور بیدار کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں ان کا کہنا تھا کہ سہولت بازار مہنگائی کا توڑ ثابت ہوئے ہیں حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام سہولت بازاروں میں عام بازاروں اور مارکیٹوں سے کم نرخوں پر روز مرہ استعمال کی اشیاء دستیاب ہیں اور شہری اپنی ضروریا ت کے مطابق سہولت بازاروں سے آٹا‘ چینی‘ دالیں‘ سبزیاں‘ فروٹ اور دیگر ضروریات زندگی حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات آج کالم نگاروں کی تنظیم کالمسٹ فورم گوجرانوالہ اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے مہنگائی کے خاتمے اور ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کے لیے انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی مؤثر تشہیر اور عوامی آگاہی کے لیے میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ نے ہمیشہ عوام الناس کی بھلائی کے لئے شروع کیے گئے پروگراموں اور منصوبوں کو اجاگر کرکے عوام تک صحیح معلومات پہنچانے میں نمایاں خدمات سر انجام دی ہیں اور میڈیا نمائندوں کا یہ قومی جذبہ قابل تحسین ہے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب میں شروع کی گئی مہم کے سلسلے میں گوجرانوالہ ڈویژن میں بھی مہنگائی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مار کر ان مفاد پرست عناصر کو قانون کی گرفت میں لیا جا رہا ہے جو اپنے معمولی مالی فائدے کی خاطر اشیائے صرف مہنگے داموں فروخت کرکے عوام کے لیے مشکلات کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے تمام متعلقہ محکمے اور ادارے سہولت بازاروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور شہریوں کو بازار سے کم نرخوں پر ضروری اشیاء کی فراہمی کے لیے خصوصی اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔ چینی آٹا اور دیگر عام استعمال ہونے والی اشیاء سستے داموں مہیا کی گئی ہیں اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے شکایات مراکز بھی قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں 61 سہولت بازار اس وقت کام کر رہے ہیں اور انتظامیہ کے افسران سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر مکمل طور پر نظر رکھے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے منظر عام پر آنے والی شکایات کا فوری طور پر نوٹس لے کر ضروری کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجہ میں مسلسل بہتری آ رہی ہے اور ناجائز منافع خوروں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔ کالمسٹ فورم گوجرانوالہ کے صدر ارشاد اللہ سندھو و دیگر عہدیداران نے انہیں شیلڈ بھی پیش کی اس موقع پر راقم الحروف کے علاوہ سنیئر کالم نگار پیرمحمد اشرف شاکر ، عتیق انور راجہ، مہر محمد امین ایڈووکیٹ، رانا محمد ابراہیم نفیس ، سلطان احمد گجر، ناصر اقبال مہر، حکیم محمد جمیل عاصی، میاں جاوید وٹو و دیگر بھی موجود تھے۔

Leave your comment
Comment
Name
Email